18 مارچ 2014 - 20:30
ڈیڑھ ارب ڈالر کی سعودی امداد پر حکومت کی وضاحت مسترد

پاکستان کی حزب اختلاف کی مرکزی جماعت پیپلز پارٹی نے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سعودی امداد کے بارے میں حکومت کی اس وضاحت کو مسترد کردیا ہے۔

ابنا: پاکستان کی حزب اختلاف کی مرکزی جماعت پیپلز پارٹی نے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سعودی امداد کے بارے میں حکومت کی اس وضاحت کو مسترد کردیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ یہ سعودی عرب کا پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے، ساتھ ہی یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ حکومت قوم سے حقائق چھپارہی ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تحفہ ہے اور اس کو گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک جھوٹ چھپانے کے لیے سو مزید جھوٹ بولنے پڑتے ہیں۔‘‘ وزیراعظم نواز شریف پر انہوں نے زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں حقائق بیان کریں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مختلف حکومتی حلقوں سے متضاد بیانات سامنے آئے، جن سے اس سرکاری بیان پر شکوک و شبہات پیدا ہوئے کہ یہ رقم بطور تحفہ وصول کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت دعوی کررہی تھی کہ اس قدر بڑی رقم بطور تحفہ موصول ہوئی ہے، اور دوسری جانب ایک وزیر نے بیان دیا کہ سعودی عرب نے یہ رقم وزیراعظم کی ضمانت پر جاری کی ہے۔ ’’تحائف کبھی کسی کی ضمانت پر نہیں دیے جاتے۔‘‘۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲